شاہ محمود اڈیالہ جیل سے رہا ہوتے ہی دوبارہ گرفتار


 راولپنڈی سابق وزیر خارجہ اورتحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کوسائفر کیس میں ضمانت ملنے کے بعد اڈیالہ جیل سے رہا ہوتے ہی دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔شاہ محمود قریشی کو ایس ایچ او صدر بیرونی پولیس کی سربراہی میں آنے والی ٹیم نے گرفتار کیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق سابق وزیر خارجہ کو جی ایچ کیو حملہ کیس میں گرفتار کیا گیا ہے ‘انہیں آج انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ لیا جائے گاجبکہ شاہ محمودقریشی کا کہنا ہے کہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایاجارہاہے
 
 ‘چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کے مطابق سپریم کورٹ کو دوبارہ گرفتاری کے معاملے کانوٹس لینا چاہئے ‘صدر عارف علوی کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بدلنا ہوگا اور بحیثیت قوم اس پر متفق ہیں تو آج سے بہتر کوئی دن نہیں۔ہمیں ایسی ریاست نہیں بننا چاہیے جہاں انسانی حقوق اور وقار کو پامال کیا جائے۔ دو حکومتی ادوار کے وزیر خارجہ کے ساتھ غیر مہذبانہ سلوک پر حکام کو توجہ دینی چاہیے، کاغذات چھیننے اور مظاہرین کے خلاف بے رحمانہ کارروائی پر بھی حکام ضرور توجہ کریں۔انہوں نے کہا کہ رجعت پسند دلائل کہ ’ایسے واقعات پہلے بھی رونما ہوتے رہے ہیں‘ مناسب نہیں ہیں۔
 ادھر شاہ محمود کی گرفتاری کے خلاف ان کی صاحبزادی مہر بانو قریشی نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر دی ہے۔مہر بانو قریشی نے کہا کہ میرے والد کو اغوا کیا گیا ہے ‘ چیف الیکشن کمشنر اس معاملے پر ایکشن لیں۔شاہ محمود قریشی کو غیر قانونی طور پر پابند سلاسل کیا گیا ہے، ہمیں نہیں بتایا کہ انہیں کہاں لے جایا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو اڈیالہ جیل سے رہاہوتے ہی پنجاب پولیس نے شاہ محمود کو گرفتار کرکے بکتربند گاڑی میں منتقل کیا اور نامعلوم مقام پر روانہ ہوگئی، بعد ازاں انہیں تھانہ کینٹ منتقل کیا گیا۔اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انہیںسیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے‘سپریم کورٹ کے آرڈر کا مذاق اڑایا گیا‘مجھے جھوٹے مقدمے میں پھر گرفتار کیا جارہا ہے، میں نے قوم کی ترجمانی کی، میں بے گناہ ہوں۔ اس دوران راولپنڈی پولیس کے اہل کاروں نے انہیں بات مکمل نہ کرنے دی اور انہیں گیٹ کے سامنے سے دھکیلتے ہوئے پولیس بکتربند گاڑی تک لے گئے ‘ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی کے خلاف سانحہ 9مئی میں جی ایچ کیو پر حملے کا مقدمہ تھانہ آر اے بازار میں درج ہے
 
۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے شاہ محمود قریشی کی دوبارہ گرفتاری پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرفتاری کامعاملہ سپریم کورٹ کو دیکھنا چاہیے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کو پہلے بھی متعدد بار گرفتار کیا گیا،تھری ایم پی او کی گنجائش نہیں۔عدلیہ سے گزارش ہے کہ لوگوں کی حفاظت یقینی 
بنائے
 

Comments